1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اب آپ جتنی چاہیں چاکلیٹ کھا سکتے ہیں

ندیم گل21 دسمبر 2008

ایک سوئس کمپنی نے ایسی چاکلیٹ بنا لی ہے جو دانتوں کے لیے مفید ہے۔ اس چاکلیٹ کے آنے سے میٹھے خصوصاً چاکلیٹ کے دیوانے بہت خوش ہیں۔

https://p.dw.com/p/GKsc
والدین اور بچوں دونوں کی تشویش دور کر دی گئی ہے۔ یہ چاکلیٹ دانتوں میں کیڑا نہیں لگاتی۔تصویر: picture-alliance/ dpa

بچے چاکلیٹ کے دیوانے ہوتے ہیں، لیکن والدین یہی کہتے ہیں کہ یہ میٹھا بچوں کے دانتوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ڈاکٹر بھی والدین کے اس مؤقف کی تصدیق کرتے ہیں۔ چاکلیٹ بنانے والوں نے ڈاکٹروں اور والدین، دونوں کی تشویش دُور کرنے کے لئے ایک ایسی چاکلیٹ بنا ڈالی ہے جو دانتوں کے لئے مفید ہے۔

Bildgalerie Ostern Deutschland Schokoladen Osterhasen
تصویر: picture-alliance / dpa/dpaweb

کس نے تیار کی یہ چاکلیٹ: یہ چاکلیٹ ایک سوئس کمپنی نے بنائی ہے جس نے ایسی چاکلیٹ بنا کر میٹھے کی دُنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ یہ نئی چاکلیٹ مارکیٹوں میں متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس چاکلیٹ کی افادیت کو اجاگر کرنے کے لئے اس کی پیکنگ پر خوشنما اور صحت مند دانتوں کی تصویر دکھائی گئ ہے جبکہ دانتوں کی صحت سے متعلق غیرمنافع بخش تنظیم "ٹوتھ فرینڈلی انٹرنیشنل" نے بھی اس چاکلیٹ کی افادیت کی تصدیق کی ہے۔

پروٹین کا استعمال: اس چاکلیٹ کوبنانے والی کمپنی نے اس کی افادیت کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ اس میں استعمال ہونے والے اجزا فطری طور پر دانتوں کے لئے مفید ہیں۔ یعنی دودھ کے پاؤڈر کی جگہ دودھ سے متعلق پروٹین استعمال کی گئی ہے۔ پھر بھی اس بات کا پورا خیال رکھا گیا کہ چاکلیٹ کا مزہ خراب نہ ہو۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ اس چاکلیٹ کا مزہ اب بھی وہی ہے جو ہر بچے کو دیوانہ بناتا ہے۔

Deutschland Luxus-Schokolade im Trend Chocolaterien erobern die Innenstädte
اس بات کا پورا خیال رکھا گیا کہ چاکلیٹ کا مزہ خراب نہ ہو۔تصویر: picture-alliance/ dpa

کمپنی کا کہنا ہے کہ چاکلیٹ کی تیاری میں بچوں کی صحت اور مزے، دونوں ہی باتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ کمپنی کی ایک تحقیق کے مطابق 82 فیصد بچوں نے اس نئی چاکلیٹ کو مزیدار یا بہت ہی مزیدار قرار دیا ہے۔

والدین کی پریشانی دور: ماہرین کا کہنا ہے کہ والدین ہمیشہ اس بات سے پریشان رہتے ہیں کہ روایتی چاکلیٹ ان کے بچوں کے دانتوں کو خراب کرتی ہے۔ یوں نئی چاکلیٹ ان کی یہ فکر دُور کر سکتی ہے۔ تاہم والدین کو یہ پریشانی اب بھی لاحق رہے کہ دانتوں کے لئے فائدہ مند چاکلیٹ سے بھی بچے موٹاپے کے مرض میں مبتلا ہو سکتے ہیںِ۔